ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں وزیراعلیٰ سدارمیا نے کہا، اگلے انتخابات کی قیادت میں ہی کروں گا

کرناٹک میں وزیراعلیٰ سدارمیا نے کہا، اگلے انتخابات کی قیادت میں ہی کروں گا

Fri, 27 Oct 2017 03:35:54    S.O. News Service

بنگلورو۔26؍اکتوبر(ایس او  نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے آج واضح کیاکہ آنے والے اسمبلی انتخابات انہیں کی قیادت میں لڑے جائیں گے ، اس سلسلے میں کانگریس اعلیٰ کمان کی طرف سے ریاست کے پارٹی قائدین کو مکتوب لکھ کر واضح کیاجاچکا ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اعلیٰ کمان کی طرف سے اس سلسلے میں واضح موقف اپنائے جانے کے بعد بھی انتشار کی گنجائش نہیں رہنی چاہئے۔

بار بار صحافیوں کی طرف سے اس طرح کے سوالات اور اس ضمن میں پارٹی قائدین میں انتشار غیر ضروری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ایک بار پھر وہ قطعی طور پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اگلے اسمبلی انتخابات کے بعد نئے اراکین اسمبلی کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے نئے لیڈر کا انتخاب کریں گے، لیکن اسمبلی انتخابات کی قیادت کا سوال جہاں تک ہے وہ انہیں کے سپرد ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ انہیں پورا یقین ہے کہ اگلے انتخابات میں کانگریس صد فیصد کامیابی حاصل کرے گی، اس سلسلے میں کسی کے ذہن میں شکوک وشبہات کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔چامنڈیشوری اسمبلی حلقہ میں سدرامیا کو شکست دینے ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمارسوامی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ ووٹر س کمار سوامی کی جیب میں نہیں ہیں انتخابات کا سامنا کریں پھر پتہ چلے گا۔ چامنڈیشوری حلقہ میں دو لاکھ ووٹرس ہیں انتخابی نتائج ظاہر ہونے کے بعد یہ بات سامنے آئے گی کہ ان میں سے کتنے لاکھ ووٹرس کمار سوامی کی جیب میں ہوتے ہیں۔ اس سوال پر کہ سدرامیا کے تمام سیاسی حریف انہیں شکست دینے کیلئے کیوں متحد ہوچکے ہیں ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حریفوں کا اتحاد ان کیلئے جیت کا ضامن ثابت ہوگا۔ اگلے انتخابات میں اپوزیشن کے اس اتحاد کو بنیاد بناکر ہی وہ کامیابی حاصل کریں گے۔ کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کے دورۂ کرناٹک کے التواء کا اعلان کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ اس دورہ کو ملتوی کئے جانے کی وجہ نہیں معلوم لیکن اس دورہ کی پہلے طے شدہ تاریخوں میں بلگام لیجسلیچر اجلاس چلتا رہے گا۔ غالباً اسی وجہ سے راہول گاندھی نے دورۂ کرناٹک ملتوی کردیا ہے۔ گجرات اسمبلی انتخابات کو دو مرحلوں میں کرانے الیکشن کمیشن کے اعلان پر سدرامیا نے کہاکہ وزیراعظم مودی نے گجرات انتخابات کو اپنی طرف کھینچنے کیلئے ہر طرح کی سہولت کرنے کے بعد ان تاریخوں کا اعلان کیا ہے۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار الیکشن کمیشن نے جانبداری سے کام لیا ہے اور گجرات اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان میں تاخیر کرکے وزیراعظم مودی اور حکومت گجرات کو نئے نئے اعلانات کرنے اور منصوبوں کی شروعات کرنے کا موقع فراہم کرایا ہے۔اس کے باوجود بھی کانگریس پارٹی کو یہ پورا یقین ہے کہ گجرات میں کانگریس کی ہی کامیابی ہوگی۔ 


Share: